اسلام آباد : نیپرا نے بجلی 2 روپے 94 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا میں چیئرمین وسیم مختارکی سربراہی میں سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2روپے94پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ مارچ میں 7ارب 70کروڑ یونٹس بجلی فروخت کی گئی، مارچ میں درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار نہیں ہوئی، موجودہ اضافے میں 7ارب 60کروڑ روپے سے زائد کی ایڈجسٹمنٹ ہیں۔پاورڈویژن حکام نے بتایا کہ مارچ میں بجلی کی طلب میں کمی مجموعی طور پر ساڑھے 7فیصد ہوئی ہے، بجلی کی طلب میں کمی ریفرنس اہداف سے بھی کم ہوئی، نیٹ میٹرنگ سے 55ملین یونٹس بجلی خریدی گئی، سولر کے استعمال سے طلب اور امپیکٹ پر بڑا فرق آیا ہے، شام کے وقت سورج غروب ہوتے ہی ایک دم بجلی کا لوڈ بڑھتا ہے۔ممبرنیپرا رفیق احمد شیخ نے کہا کہ سستے پلانٹس بند اور مہنگے چلائے جا رہے ہیں، اصل بات بتائیں، مہنگے پلانٹس کے بوجھ سے بھی صارفین متاثر ہوتے ہیں، سستے پلانٹس پر جائیں، اس کے علاوہ امپیکٹ کم کرنے کا کوئی طریقہ نہیں۔سماعت کے بعد نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں قیمتوں میں رد و بدل کا اطلاق مئی کے بلوں میں کیا جائیگا، اضافے کی درخواست منظور کئے جانے کی صورت میں عوام پر سیلز ٹیکس سمیت27ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، تاہم ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
پسندیدہ ویڈیوز
متعلقہ خبریں
Load/Hide Comments
موسم
More forecasts: Weather Johannesburg 14 days