کوئٹہ (لارڈ میڈیا): کور کمانڈر بلوچستان نے ضلع پنجگور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فوج کے تعاون سے مکمل ہونے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت جناح آئی ٹی حب کا افتتاح کیا جس میں 50 جدید کمپیوٹرز، ڈیجیٹل لائبریری اور سولر سسٹم کے ذریعے 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کا انتظام کیا گیا ہے۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف مکران میں سر سید احمد خان لاؤنج اور علامہ اقبال آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا گیا۔ علامہ اقبال آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش مکمل ہو چکی ہے اور اس میں 120 نشستوں کی گنجائش موجود ہے۔
پنجگور کے شہریوں نے نئے ترقیاتی منصوبوں پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان فلاحی اقدامات کا خیرمقدم کیا۔
کور کمانڈر بلوچستان نے دورے کے دوران مقامی لوگوں سے ملاقات کی، ان کے سوالات سنے اور مدلل جوابات دیے۔ انہوں نے عوامی فلاح کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے مزید ایسے منصوبوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
پنجگور میں پاک فوج کے تعاون سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بلوچستان کی خوشحالی اور پائیدار ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔


