بنوں (لارڈ میڈیا): خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کا اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بنوں میں تھانہ ڈومیل کی حدود میں بخملی پیٹرول پمپ مارکیٹ کے قریب نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے فرنٹیئر کور کے اہلکار کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ شہید اہلکار کی شناخت برخان سکنہ عمل خیل ڈومیل کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد شہید اہلکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ دہشتگردوں کی تلاش کے لیے کارروائی بھی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔


