کھٹمنڈو (شِنہوا) نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں گاڑیوں کی نمائش کا آغاز ہوا، جس میں مختلف ممالک کے 50 سے زائد گاڑیوں کے برانڈز شریک ہیں۔ نمائش میں نئی گاڑیاں اور جدید سفری ٹیکنالوجیز پیش کی جا رہی ہیں۔
نیپال آٹوموبائل امپورٹرز اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (نیما) کے زیر اہتمام 6 روزہ نیما نیپال موبیلٹی ایکسپو 2026 میں چار پہیوں والی گاڑیوں کے 29 برانڈز اور دو پہیوں والی گاڑیوں کے 18 برانڈز شریک ہیں۔ اس کے علاوہ آمدورفت کے دیگر شعبوں سے متعلق مصنوعات اور خدمات بھی نمائش میں پیش کی جا رہی ہیں۔
تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے نیما کی چیئرپرسن ریتو سنگھ ویدیا نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد آٹوموبائل کمپنیوں، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں، صارفین اور دیگر متعلقہ فریقوں کو خیالات کے تبادلے اور آمدورفت کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف گاڑیوں کی نمائش نہیں بلکہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں آمدورفت سے متعلق پورا نظام ایک جگہ جمع ہوتا ہے۔

نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں نیما نیپال موبیلٹی ایکسپو 2026 کے دوران بی وائی ڈی کی نئی گاڑی کی باضابطہ رونمائی کی جارہی ہے-(شِنہوا)
نمائش میں شامل دو درجن سے زائد برانڈز چینی ہیں۔ نیما کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راج کمار دولال نے بتایا کہ چیری، وولنگ، ڈونگ فینگ اور ہونگ چھی سمیت دیگر چینی کمپنیوں کے نئے ماڈلز بھی نمائش میں پیش کئے گئے ہیں۔
نمائش میں آنے والے ایک شخص سنجے تھاپا نے شِنہوا کو بتایا کہ میں نے مختلف برانڈز دیکھے۔ مجھے چینی برانڈز ڈیزائن اور قیمت دونوں کے لحاظ سے دیگر برانڈز کے مقابلے میں زیادہ پرکشش لگے۔
گاڑیوں کی نمائش کے علاوہ اس نمائش میں آٹوموبائل ٹیکنالوجی اور صنعت سے متعلق دیگر امور پر مختلف معلوماتی نشستیں اور مباحثے بھی منعقد کئے جا رہے ہیں۔


