واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول رکھتا ہے اور اس وقت کوئی دوسرا ملک اس اہم آبی گزرگاہ پر امریکا کے مقابلے میں مؤثر کنٹرول نہیں رکھتا۔
اوہائیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایران کے حالات کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ ایران کے حوالے سے معاملات بالکل ٹھیک جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا خطے میں ایک بہت اچھی پوزیشن میں ہے اور اگر ایران نے کوئی کارروائی کی تو اسے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ٹرمپ نے ایران کو مشرق وسطیٰ میں طویل عرصے سے ایک طاقتور ملک قرار دیا تاہم ان کے بقول اب صورتحال تبدیل ہو چکی ہے اور امریکا نے خطے میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں خام تیل عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ اس علاقے میں کشیدگی کا براہِ راست اثر عالمی تیل کی قیمتوں اور بحری تجارت پر پڑتا ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان شدید کشیدگی برقرار ہے اور آبنائے ہرمز کی بحری آمدورفت عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جس کے باعث توانائی کی سپلائی اور سمندری تجارت کے خدشات برقرار ہیں۔


