لاہور (لارڈ میڈیا): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور باوقار ہیں اور انہیں روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ملک ہے، لہٰذا نوجوانوں کی بہترین ذہنی و جسمانی اور فکری و علمی نشو و نما کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے مواقع فراہم کیے جائیں اور انہیں مفت آئی ٹی کی تعلیم سے روشناس کروایا جائے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا بنو قابل پروگرام نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دینے اور باعزت روزگار فراہم کرنے میں کارگر ثابت ہو رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے اور نوجوانوں کی ترقی میں ہی قوم کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل ہے۔


