واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی محکمہ دفاع کی دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال یمن میں امریکی فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں 153 شہری ہلاک اور 243 زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران شہری آبادی کو بھی نقصان پہنچا۔
پینٹاگون کی دستاویزات کے مطابق زیادہ تر شہری ہلاکتیں اپریل 2025 میں تین مختلف امریکی کارروائیوں کے دوران ہوئیں۔ 6 اپریل کو صنعا میں ایک امریکی فضائی حملے میں 5 شہری ہلاک ہوئے۔
17 اپریل کو راس عیسیٰ بندرگاہ پر امریکی کارروائی کے نتیجے میں 80 شہریوں کی ہلاکت ہوئی، جو ان کارروائیوں میں سب سے زیادہ جانی نقصان والا واقعہ تھا۔
28 اپریل کو صعدہ کے قریب ہونے والے ایک اور امریکی حملے میں 47 شہری ہلاک ہوئے۔ ان کارروائیوں کے علاوہ بھی امریکی فوجی آپریشنز سے متعلق مزید 15 کارروائیاں زیر غور ہیں۔
امریکی کارروائیوں کا پس منظر حوثی گروپ کی جانب سے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملے ہیں۔ امریکا کا مؤقف ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد بحری جہازوں کی آمدورفت کو محفوظ بنانا ہے۔ شہری ہلاکتوں کے اعداد و شمار نے ان کارروائیوں کے طریقہ کار پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔


