اسلام آباد: پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اور معروف اداکار ایوب کھوسہ نے کہا ہے کہ میرے والد چاہتے تھے کہ میں بیوروکریٹ بن جاوں لیکن میں آرٹ میں جانے کے بعد اس فیلڈ سے واپس نہیں آسکا اور آج تک اس فیلڈ میں موجود ہوں۔
ایک پرو گرام میں اداکار نے شوبز انڈسٹری میں آنے کا دلچسپ قصہ سنا تے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی وی میں خوبصورت لڑکیوں کو دیکھنے کیلئے جایا کرتا تھا، وہاں پی ٹی وی کے جی ایم کریم بلوچ صاحب موجود تھے انہوں نے مجھ سے پوچھا یہاں کیسے آنا ہوا، تو میں نے جواب دیا کہ میں ٹی وی گھومنے آیا ہوں، اس پر کریم بلوچ صاحب نے کہا کہ تم صرف گھومنے آئے ہو یا کوئی ڈرامہ وغیرہ بھی کرنا چاہتے ہو، میں نے فوری ڈرامے کی خواہش ظاہر کردی، اور پھر بلوچی ڈراموں سے میرے کیرئیر کا آغاز ہوا۔
ایوب کھوسہ نے کہا کہ گھر والوں کے کوئی خاص تاثرات نہیں تھے، والد صاحب کو فکر تھی کہ میں بھٹک نہ جاوں اور کہیں تعلیم کا سلسلہ رک نہ جائے، میں نے تعلیم مکمل کی لیکن اپنے والد کی خواہش پوری نہیں کرسکا۔


