بیجنگ (شِنہوا)پیپلز بینک آف چائنہ (پی بی او سی)،یعنی چین کے مرکزی بینک، نے 2026 سے 2030 کے عرصے کے لئے اصلاحات اور ترقی کا منصوبہ جاری کیا ہے، جس میں مضبوط مالیاتی شعبے کے حامل ملک کی تعمیر کو تیز کرنے اور مرکزی بینکاری نظام کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات طے کئے گئے ہیں۔
منصوبے میں کہا گیا ہے کہ ’’اعلیٰ سطح کے مالیاتی کھلے پن کو محتاط انداز میں آگے بڑھانے‘‘ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی تجارت، سرمایہ کاری اور مالی معاونت میں یوآن کے عالمی استعمال کو وسعت دینے، مالیاتی منڈیوں تک دو طرفہ رسائی کو مزید گہرا کرنے، شنگھائی کو ایک بین الاقوامی مالیاتی مرکز بنانے کے عمل کو تیز کرنے اور عالمی مالیاتی مرکز کے طور پر ہانگ کانگ کے کردار کو مضبوط بنانے کی کوششیں کی جائیں گی۔
کھلے پن کے فروغ کے تحت پیپلز بینک آف چائنہ کثیر سطحی اور وسیع دائرہ کار کے حامل سرحد پار انٹر بینک ادائیگی نظام کو مزید بہتر بنائے گا اور آف شور یوآن مارکیٹوں کی ترقی کو آگے بڑھائے گا۔
ملکی مالیاتی پالیسی کے حوالے سے منصوبے میں چینی خصوصیات کے حامل جدید مالیاتی پالیسی نظام کو بہتر بنا کر ایک زیادہ سائنسی اور مضبوط نظام تشکیل دینے، بنیادی زر کی فراہمی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور مجموعی و ساختی دونوں طرح کے پالیسی ذرائع کو زیادہ موثر انداز میں استعمال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس میں مارکیٹ کی بنیاد پر شرح سود کے تعین، ترسیل اور ایڈجسٹمنٹ کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، جبکہ شرح مبادلہ کے تعین میں مارکیٹ کو فیصلہ کن کردار دینے اور یوآن کو ایک مناسب اور متوازن سطح پر مجموعی طور پر مستحکم رکھنے کی بات بھی کی گئی ہے۔
مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانے کے لئے مرکزی بینک میکرو احتیاطی انتظام کے دائرہ کار کو وسعت دے گا، پالیسی ذرائع میں اضافہ کرے گا اور اہم شعبوں میں نظامی خطرات کو کم کرنے کے لئے نگرانی اور جائزے کا نظام قائم کرے گا۔
منصوبے کا ایک اہم ستون حقیقی معیشت تک معیاری مالیاتی خدمات کی رسائی کو مضبوط بنانا ہے۔ پیپلز بینک آف چائنہ نے اہم حکمت عملیوں، کلیدی شعبوں اور کمزور روابط کی بہتری کے لئے ایک درست اور موثر پالیسی نظام تشکیل دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اس میں سائنسی و تکنیکی جدت طرازی کے مطابق مالیاتی نظام کی تشکیل بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ماحول دوست اور کم کاربن مالی معاونت کو بہتر بنانے، جامع مالیاتی خدمات کو وسعت دینے، پنشن کے مالیاتی نظام کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل مالیات کے فروغ کو تیز کرنے کا بھی ہدف ہے۔
2026 سے 2030 کے عرصے کو مدنظر رکھتے ہوئے پیپلز بینک آف چائنہ نے کہا ہے کہ وہ منصوبے میں شامل تمام اقدامات پر موثر عملدرآمد یقینی بنائے گا تاکہ چین کی مالیاتی طاقت کو مضبوط کیا جا سکے اور اعلیٰ معیار کی اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔


