ہومتازہ ترینچین نے 4 علاقوں کے لئے سیلاب سے متعلق ہنگامی ردعمل فعال...

چین نے 4 علاقوں کے لئے سیلاب سے متعلق ہنگامی ردعمل فعال کر دیا

بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت آبی وسائل نے پیر کے روز صوبائی سطح کے 4 علاقوں کے لئے درجہ چہارم کا سیلابی ہنگامی ردعمل فعال کر دیا، کیونکہ طوفان ’’ڈولفن‘‘ اور سرد ہواؤں کے باعث ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

پیش گوئی کے مطابق 2026 کے 13ویں سمندری طوفان کے دوران ہوبے، ہینان، ہیبے اور شان ڈونگ صوبوں میں 10 سے 16 اگست تک موسلا دھار بارشیں ہوں گی جبکہ بعض علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے۔

صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزارت نے مقامی حکام کو نگرانی اور جائزے کے اقدامات مضبوط بنانے اور ممکنہ خطرات کا پتہ لگانے اور ان سے نمٹنے کے لئے گشت میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزارت کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے دریاؤں کے ساتھ سیلاب سے بچاؤ اور پہاڑی علاقوں میں اچانک آنے والے سیلاب کی روک تھام کو ترجیح دی جائے گی۔ وزارت نے بلند خطرے والے علاقوں کے رہائشیوں کا بروقت انخلا یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے تاکہ لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔

دریں اثنا وزارت نے چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ میں درجہ سوم کا ہنگامی ردعمل برقرار رکھا ہے، جبکہ مزید 6 صوبائی سطح کے مشرقی، وسطی اور شمال مشرقی علاقوں میں درجہ چہارم کا ردعمل برقرار رکھا گیا ہے۔

وزارت کے اطلاعاتی مرکز نے پیر کے روز سیلاب کے حوالے سے نیلے درجے کی وارننگ دوبارہ جاری کرتے ہوئے چین کے شمالی، وسطی اور مشرقی متاثرہ علاقوں کے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں