اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لیے اہم فریضہ ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انہوں نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کو خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان موجودہ دفاعی تعاون کی توسیع ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کا مقصد خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور یہ تعاون خطے کے استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔
آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور حکومت عوام کی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرے گی۔


