اسلام آ باد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے مختلف بلاکس کو صوبوں سے منسوب کیا جائے، جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر، سٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت و میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے، تعمیری کام کے معیار کو اولین بنانے اور شفایت کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابقوزیراعظم نے ہدایت کی کہ بڑے اسپتالوں پر مریضوں کے دباو کو کم کرنے کیلئے اسلام آباد میں پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے نظام کی بہتری کا منصوبہ پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پی کے ایل آئی بہترین طریقہ سے مریضوں کی خدمت کر رہا ہے، جناح میڈیکل کمپلیکس کوپاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر(پی کے ایل آئی )سے بھی بہتر اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہسپتال بنائیں گے۔
انہوں نے ہسپتال میں جینٹوریل سمیت تمام دیگر متعلقہ سروسز میرٹ پر آٹ سورس کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میںمختلف اقدامات کی معینہ مدت اور اہداف پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کنسپٹ ڈیزائن، اراضی کی منتقلی اور بورڈ کی تعیناتیاں حتمی مراحل میں ہیں، تعمیر کے بہترین معیار کو یقینی بنانے کیلئے جیو ٹیک سٹڈی اور ہسپتال کے اسلام آباد اور گرد و نواح کے رہائشیوں کیلئے افادیت کے حوالہ سے سوشل امپیکٹ سٹڈیز جاری ہیں۔
وزیراعظم کو ہسپتال کے کنسپٹ ڈیزائین، بورڈ کی تشکیل اراضی اور ہسپتال سے متصل مجوزہ کمرشل سینٹر کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، سید مصطفی کمال، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، چیئرمین پی کے ایل آئی پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔