لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان بار کونسل نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اہم قرارداد منظور کر لی ہے۔ بار کونسل کے 250ویں اجلاس میں قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ نئے صوبوں کا قیام آئین، پارلیمانی عمل اور قومی اتفاقِ رائے کے مطابق ہونا چاہئے۔
اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل چشتی نے کی، جبکہ احسن بھون، طاہر نصر اللہ وڑائچ، عامر سعید راں سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔ قرارداد میں سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفاد کی بنیاد پر نئے صوبوں کے قیام کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
پاکستان بار کونسل نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئے صوبوں کے معاملے پر قومی مفاد میں بامعنی مذاکرات کا آغاز کریں۔ اس مقصد کے لیے ایک قومی سیمینار منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، صوبائی بار کونسلوں اور قانونی ماہرین کو مدعو کیا جائے گا۔
قرارداد کے مطابق قومی سیمینار کا مقصد وفاق کو مضبوط بنانا، بہتر طرز حکمرانی کو فروغ دینا اور قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے، تاکہ آئندہ اس آئینی مسئلے پر جامع اور قابلِ عمل پیش رفت ممکن ہو سکے۔


