اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بارش کے بعد نالوں سے متصل رہائشی علاقوں میں سیلابی کیفیت کا نوٹس لیتے ہوئے ندی نالوں کے گرد و نواح میں نشیبی علاقوں میں مقیم آبادیوں کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو لوگوں کو ریسکیو کرنے اور نکاسی آب کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی اور پانی سے پھیلنے والے امراض سے تحفظ کیلئے شعبہ صحت کو بھی ہائی الرٹ رہنے اور اقدامات کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے سیلابی صورتحال اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے و امدادی کاروائیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی قائم کردی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد نیو چھٹہ بختاور کا علاقہ ڈوب گیا تھا، پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔