ہومتازہ ترینمیٹا کو بچوں کی ذہنی صحت کو پہنچنے والے نقصان کیلئے 56...

میٹا کو بچوں کی ذہنی صحت کو پہنچنے والے نقصان کیلئے 56 کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر ادا کرنے کا حکم

نیویارک (شِنہوا) امریکی ریاست نیو میکسیکو کی ایک عدالت نے انسٹاگرام اور فیس بک کی مالک سوشل میڈیا کمپنی میٹا کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز سے نوجوانوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لئے 56 کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر ہرجانہ ادا کرے۔

جج نے قرار دیا کہ کمپنی نے ریاست میں "عوامی خلل” پیدا کیا ہے اور اسے نوجوانوں کے تحفظ کے لئے متعدد اقدامات کرنے کا حکم دیا، جن میں فیس بک اور انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کے ماہانہ استعمال کی حد مقرر کرنا، نوٹیفکیشنز پر پابندیاں، بالغ افراد کے نابالغوں سے رابطے پر مزید سخت کنٹرول، مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس کے لئے حفاظتی اقدامات اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق رپورٹس کا مزید موثر جائزہ شامل ہیں۔

یہ فیصلہ اس تاریخی مقدمے کے دوسرے مرحلے میں سامنے آیا، جس میں میٹا مارچ میں ہار چکی تھی۔ مقدمے کے پہلے مرحلے میں جیوری نے فیصلہ دیا تھا کہ میٹا نے بچوں کے لئے فیس بک اور انسٹاگرام کی حفاظت سے متعلق گمراہ کن معلومات فراہم کرکے ریاست کے صارفین کے تحفظ کے قانون کی خلاف ورزی کی، جس پر اسے 37 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کے سول جرمانے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا تھا۔

نیو میکسیکو کے اٹارنی جنرل راؤل توریز نے ایک بیان میں کہا کہ "آج کا فیصلہ ہر اس والدین کی کامیابی ہے جو اس بات پر فکر مند رہے ہیں کہ سوشل میڈیا ان کے بچوں پر کیا اثرات مرتب کر رہا ہے اور ہر اس بچے کی بھی جو زیادہ محفوظ آن لائن ماحول میں پروان چڑھنے کا حق رکھتا ہے۔”

میٹا نے جمعرات کی شب کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔

کمپنی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ "ہم آن لائن کم عمر صارفین کے تحفظ کے حوالے سے اپنے ریکارڈ پر پراعتماد ہیں اور ایسے دعوؤں کے خلاف اپنا دفاع جاری رکھیں گے جو حقائق کو غلط انداز میں پیش کرتے ہیں۔”

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں