کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بحری سلامتی کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ویسل مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ تقریب کراچی میں ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس میں سیکریٹری دفاع سمیت وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔ حکام نے کہا کہ یہ نظام پاکستان کے بحری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور سلامتی کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ نظام سمندری حدود میں موجود کشتیوں اور جہازوں کی مؤثر نگرانی ممکن بنائے گا۔ اس کے تحت ماہی گیروں کی حفاظت، ان کی سرگرمیوں کی نگرانی اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ جدید مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ سے پاکستان کے بحری مفادات اور اہم سمندری وسائل کے تحفظ کو تقویت ملے گی۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مؤثر اقدامات کے ذریعے بحری سلامتی اور میری ٹائم شعبے کی ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کی بحری سلامتی کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔


