دبئی (لارڈ میڈیا) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے، حالانکہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکا۔ایران تنازع جاری ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق باب المندب کے راستے آئل ٹینکرز کی آمدورفت نے سپلائی میں تعطل کے خدشات کو کم کر دیا ہے جس سے قیمتوں پر دباؤ آیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.42 فیصد کمی کے بعد 89.45 ڈالر فی بیرل اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 0.66 فیصد کمی کے ساتھ 83.90 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ خطے میں فوجی کشیدگی برقرار ہے، تاہم بحری جہازوں کی نقل و حرکت اور متبادل شپنگ روٹس کے استعمال نے عالمی منڈی کو اطمینان دیا ہے کہ تیل کی سپلائی فوری طور پر متاثر نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن میں ایران سے متعلق بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث برینٹ خام تیل تقریباً 8 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 6.5 فیصد سے زائد مہنگا ہوگیا تھا۔ مگر تازہ کاروباری سیشن میں سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی آنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں نرمی دیکھی گئی ہے۔


