چین کے ریاضی دان دینگ یو اور وانگ ہونگ کو جمعرات کے روز امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا میں منعقدہ 2026 انٹرنیشنل کانگریس آف میتھمیٹیشنز میں فیلڈز میڈلز سے نوازا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ چینی ریاضی دانوں نے یہ معتبر عالمی اعزاز حاصل کیا۔
پنسلوانیا کنونشن سینٹر میں منعقدہ کانگریس کی افتتاحی تقریب میں انٹرنیشنل میتھمیٹیکل یونین نے اعلان کیا کہ دینگ یو کو پارشل ڈیفرینشل ایکویشن (پی ڈی ایز) کے شعبے میں نمایاں تحقیق پر فیلڈز میڈل دیا گیا جبکہ وانگ ہونگ کو ہارمونک اینالیسس اور جیومیٹرک میژر تھیوری میں نمایاں تحقیق پر اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (انگریزی): دینگ یو، فاتح، فیلڈز میڈل 2026
’’یہ میرے لئے بہت بڑا، واقعی بہت بڑا اعزاز ہے کہ میرا نام ان عظیم ریاضی دانوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جنہیں میں ہمیشہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا آیا ہوں۔ یہ صرف میری ذات ہی نہیں بلکہ میری تحقیق، ساتھی محققین کے ساتھ کئے گئے میرے مشترکہ کام اور پارشل ڈیفرینشل ایکویشن اور پرابیبیلٹی کے شعبے میں کی گئی تحقیق کا بھی اہم اعتراف ہے جس کی میں نمائندگی کر رہا ہوں۔‘‘
ساؤنڈ بائٹ 2 (انگریزی): وانگ ہونگ، فاتح، فیلڈز میڈل 2026
’’یہ اعزاز میرے لیے ہی نہیں بلکہ میرے دوسرے ساتھی محققین کے لئے بھی بہت اہم ہے۔ مجھے یاد ہے جب مجھے یہ خبر ملی تھی کہ ٹیری تاؤ نے پہلا فیلڈز میڈل حاصل کیا ہے تو اس وقت میں ہائی سکول کی طالبہ تھی۔ میں نے یہ خبر ریاضی کے چند رسالوں میں پڑھی تھی۔ تب میں بے حد خوش ہوئی تھی۔ اس طرح آج بھی میں بہت خوش اور پرجوش ہوں۔‘‘
دینگ یو نے ابتدائی تعلیم پیکنگ یونیورسٹی میں حاصل کی تھی۔ بعد ازاں وہ میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) منتقل ہو گئے اور پرنسٹن یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وانگ ہونگ نے پیکنگ یونیورسٹی سے بیچلر، پیرس سیکلے یونیورسٹی سے ماسٹرز اور ایم آئی ٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
دینگ یو اس وقت یونیورسٹی آف شکاگو میں پروفیسر ہیں۔ وانگ ہونگ فرانس کے اعلیٰ سائنسی مطالعاتی ادارے انسٹی ٹیوٹ دی اوت ایتود سائنٹیفیک اور نیویارک یونیورسٹی کے کورانٹ انسٹی ٹیوٹ میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
رواں برس مجموعی طور پر چار ریاضی دانوں کو فیلڈز میڈل سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دیگر دو ریاضی دانوں میں اسٹونی بروک یونیورسٹی سے وابستہ امریکی ریاضی دان جان پارڈن اور یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے ایک کینیڈین ریاضی دان جیکب سِمرمین شامل ہیں۔
فیلڈز میڈل ریاضی کے شعبے کا اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے۔ یہ ہر چار سال بعد چالیس برس سے کم عمر کے دو سے چار نوجوان محققین کو ریاضی میں اُن کی غیرمعمولی کامیابیوں اور مستقبل میں مزید نمایاں خدمات انجام دینے کی صلاحیتوں کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
فلاڈیلفیا، امریکہ سےشِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


