اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس انتخابی بے ضابطگیوں کے واضح ویڈیو شواہد موجود ہیں۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ 27 جولائی کو کوٹلی میں بھی انہوں نے میرپور الیکشن کے حقائق عوام کے سامنے رکھے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابات میں ان کے امیدواروں کے ساتھ زیادتی ہوئی اور ووٹ جلانے سمیت متعدد بے ضابطگیوں کی ویڈیوز موجود ہیں۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے چیف الیکشن کمشنر کو درخواستیں دے کر متنازع حلقوں کے نتائج روکنے اور شواہد کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ ایل اے-12 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 785 تھی، جہاں مخالف امیدوار کو 639 ووٹ جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کے لیے صرف 12 ووٹ درج کیے گئے۔ معدد ووٹرز بیرون ملک تھے، اس کے باوجود 100 فیصد پولنگ دکھائی گئی۔
سابق وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ پیش کیے گئے شواہد کا فوری جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متنازع حلقوں میں نتائج پر نظرثانی کی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔


