اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سپریم کورٹ نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے مبینہ تعلق پر بینک ملازم بلال کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کردی ہے۔ دو رکنی بینچ کی سربراہی جسٹس نعیم اختر افغان کر رہے تھے۔
دوران سماعت پراسیکیوشن نے مزید دستاویزات جمع کرانے کے لیے التوا کی درخواست کی، جس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے سوال اُٹھایا کہ بینک ملازم کا بی ایل اے سے تعلق کیسے جوڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بینک مینیجر نے رقم منتقل کی، اس کے علم میں نہیں تھا کہ گاڑی کسی دھماکے میں استعمال ہوگی۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خودکش بمبار سے مبینہ تعلق پر دستاویزات پیش کرنی ہیں، تاہم عدالت نے ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کردی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ سی ٹی ڈی کراچی میں درج ہے۔


