راولاکوٹ (لارڈ میڈیا) شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جیسا کہ ترجمان آزاد کشمیر پولیس ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ایس ایس پی خاور علی شوکت نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ مسلح حملہ آور شہر کی مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہیں اور ان کے تانے بانے کسی اور جگہ سے جڑے ہیں۔ حملوں میں ایک رینجرز اہلکار شہید ہوا جبکہ گرفتار شرپسندوں سے جدید اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
ایس ایس پی شوکت نے کہا کہ ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلح جتھوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں پر حملہ کسی صورت قبول نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی اداروں نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ریاستی اداروں کے خلاف حملہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ شر پسند عناصر آزاد کشمیر کے امن کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر آزاد کشمیر کے امن کو کسی صورت تباہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے متعدد شرپسند عناصر کو گرفتار کرلیا ہے اور ان سے جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ایس ایس پی شوکت نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔


