بشکیک (شِنہوا) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میڈیا اور تھنک ٹینک سربراہ اجلاس 2026 کا کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں انعقاد ہوا جس کا موضوع” نئے دور میں شنگھائی جذبہ: مشترکہ اقدار سے عملی تعاون تک” ہے۔
اس اجلاس میں ایس سی او کے رکن ممالک کے تقریباً 150 بڑے میڈیا اداروں، ممتاز تھنک ٹینکس، سرکاری محکموں اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے تقریباً 260 نمائندے شریک ہوئے۔
کرغزستان کی صدارتی انتظامیہ کے انفارمیشن پالیسی سروس کے سربراہ دائربیک اورون بیکوف نے افتتاحی تقریب سے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ آج کی دنیا میں میڈیا اداروں اور تھنک ٹینکس پر عوامی رائے کی درست رہنمائی اور ممالک کے درمیان اعتماد اور سلامتی کے تحفظ کی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا اداروں اور تھنک ٹینکس کے درمیان باہمی تعاون غلط معلومات اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے خلاف ایک مضبوط دفاع فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ اجلاس نئے خیالات اور اقدامات کی تشکیل کے لئے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا، ایس سی او کے اندر اطلاعاتی سلامتی کو مضبوط بنائے گا، علمی تعاون کو فروغ دے گا اور دوستی کے نئے پل تعمیر کرے گا۔
شِنہوا نیوز ایجنسی کی نائب صدر شی یان چھون نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ شِنہوا ہمیشہ ایس سی او کی کہانی کو موثر انداز میں دنیا تک پہنچانے اور تنظیم کی آواز کو زیادہ موثر بنانے کے لئے پرعزم رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے فریم ورک کے تحت میڈیا اداروں اور تھنک ٹینکس کو آئندہ بھی باہمی روابط اور تعاون کا پل بنے رہنا چاہیے۔
انہوں نے ان اداروں پر زور دیا کہ وہ اختلافات کا احترام کرتے ہوئے مشترکہ نکات تلاش کریں اور اتحاد و باہمی اعتماد کو فروغ دیں، باہمی فائدے کے اصول کے تحت ترقی اور خوشحالی کو آگے بڑھائیں، کشادہ دلی اور جامعیت کو برقرار رکھیں، عوامی روابط کے لئے پل تعمیر کریں، انصاف اور عدل کی حمایت کرتے ہوئے کثیرالجہتی نظام کو مضبوط کریں اور عملی و موثر انداز میں اقدام پر مبنی تعاون میں قائدانہ کردار ادا کریں۔
کرغزستان کی کابر نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر میدربیک شیرمتالئیف نے کہا کہ اگرچہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے معلومات کے تبادلے کو آسان بنایا ہے، تاہم اس کے ساتھ غلط معلومات کے پھیلاؤ اور سائبر سکیورٹی جیسے خطرات بھی پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک کو چاہیے کہ وہ تھنک ٹینکس کے درمیان مستقل مکالمے کا نظام قائم کریں، مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کریں، نوجوان ماہرین کی تربیت کریں، میڈیا کے شعبے سے وابستہ افراد کے درمیان گہرے تبادلے کو فروغ دیں اور علمی، معلوماتی اور عوامی سطح پر تعاون کو مسلسل وسعت دیں۔
کرغزستان میں چین کے سفیر لیو جیانگ پھنگ نے کہا کہ میڈیا ادارے اور تھنک ٹینکس نہ صرف اپنے عہد کے واقعات کے مورخ ہیں بلکہ تعاون کے داعی بھی ہیں اور ان کے درمیان تعاون شنگھائی جذبے کو عملی جامہ پہنانے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب اطلاعات کی ترسیل کے طریقوں میں گہری تبدیلیاں آ رہی ہیں، دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ معروضی، درست اور جامع رپورٹنگ، گہرے اور متوازن تحقیقی تجزیوں، تعصبات کے خاتمے، اختلافات کم کرنے، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور مضبوط مکالمے و تعاون کی ضرورت ہے۔


