نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بھارتی اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے طلبہ احتجاج کی وائرل ویڈیوز پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مظاہرین کے انداز اور زبان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کنگنا نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری میں احتجاج سے متعلق ویڈیوز کو انتہائی ناگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک جگہ پر اتنی ‘بدصورتی’ کبھی نہیں دیکھی۔
اداکارہ نے کہا کہ جین زی احتجاج کی ویڈیوز دیکھ کر انہیں شدید ناگواری محسوس ہوئی کیونکہ مظاہرین کا گفتگو کرنے کا انداز اور استعمال کی جانے والی زبان بہت نامناسب تھی۔
کنگنا رناوت نے احتجاج میں شریک نوجوانوں کی تربیت اور پرورش پر بھی سوال اٹھایا کہ ایسے نوجوانوں کو کون پیدا اور پال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی ثقافتی خوبصورتی، شائستگی اور روایات کے لیے جانا جاتا ہے، تاہم احتجاج کی بعض ویڈیوز میں مظاہرین کا انداز اس کے برعکس دکھائی دیتا ہے۔
کنگنا نے ‘کاکروچ’ کے نام سے احتجاج کرنے والے گروپ کا حوالہ دیتے ہوئے بھی مظاہرین پر تنقید کی اور انہیں ‘گندگی، کچرا اور بدصورتی’ سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ویڈیوز نے انہیں ذہنی طور پر متاثر کیا اور اب انہیں ‘ڈیجیٹل ڈیٹاکس’ کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔


