لاہور (لارڈ میڈیا): اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں اور دھمکیاں دینے کے کیس میں این سی سی آئی اے نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کو تفتیش کے دوران قصوروار قرار دے دیا ہے۔ لاہور کی سیشن کورٹ میں ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی، جس کی صدارت ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کی۔
عدالت میں مومنہ اقبال کی نمائندگی عدنان احسان ایڈووکیٹ جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے رانا معروف ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ثاقب چدھڑ کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور وہ قصوروار قرار پائے ہیں۔ سمیرا چدھڑ نے اپنا موبائل این سی سی آئی اے میں جمع کروا دیا ہے جو فرانزک کے لیے بھیجا گیا ہے۔
مومنہ اقبال کے وکیل نے ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی آزادی ان کے لیے خطرے کا باعث ہے۔ عدالت نے وکلاء کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔
این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔


