ممبئی (لارڈ میڈیا) : آنجہانی سپر اسٹار راجیش کھنہ کی گرل فرینڈ انیتا اڈوانی نے انکشاف کیا ہے کہ راجیش کھنہ نے ڈمپل کپاڈیہ سے 10 مرتبہ طلاق مانگی لیکن وہ طلاق نہیں دے سکیں۔ راجیش کھنہ نے 1973 میں ڈمپل کپاڈیہ سے شادی کی تھی جب ڈمپل کی عمر صرف 16 سال تھی۔ شادی کے بعد ان کے تعلقات میں جلد ہی تلخی پیدا ہوگئی اور 1982 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی، مگر قانونی طلاق نہیں ہو سکی۔
انیتا اڈوانی سے راجیش کھنہ کا قریبی تعلق ان کی موت سے قبل ایک دہائی سے زائد عرصے تک رہا۔ رواں برس ممبئی ہائیکورٹ نے انیتا کی راجیش کھنہ کے ساتھ گزارے وقت کو جائز شادی ماننے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے ان کے رشتے کو ‘کریکٹر آف لائیو ان ریلیشن’ قرار دیا جو ہندو میرج ایکٹ کے تحت شادی کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔
انیتا اڈوانی نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیس ہندو میرج پر چلایا گیا جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بیوی گھر چھوڑ کر جائے اور کوئی دوسرا شخص زندگی میں آئے تو وہ پہلی بیوی نہیں رہتی۔ انیتا نے مزید کہا کہ راجیش کھنہ نے اپنی بیوی سے 10 مرتبہ طلاق مانگی، لیکن انہیں نہیں دی گئی۔


