ملتان (لارڈ میڈیا): دریائے چناب میں پانی کی سطح کے مسلسل اضافے کے باعث تحصیل جلالپورپیروالا میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے پانچ بستیاں زیر آب آگئیں۔ علاقے کے مکینوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی جبکہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھنے سے رحیم یارخان کے تین دیہات میں پانی داخل ہوگیا اور کھڑی فصلیں متاثر ہوئیں۔
شیخوپورہ میں گاؤں ہڈیالہ ورکاں سمیت کئی بستیاں زیرآب آئیں اور تیار فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔ سلابی ریلے کی زد میں آکر شیخوپورہ لاہور سیکشن پر ریلوے ٹریک پل ٹوٹنے کے باعث لاہور فیصل آباد سیکشن پر متعدد ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں اور کچھ کا روٹ تبدیل کر دیا گیا۔
دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ گڈو اور سکھر بیراج پر پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ خانکی، قادرآباد اور تریمو پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پنجاب بھر میں ڈیموں، دریاؤں، نہروں اور جھیلوں میں تیراکی اور بغیر اجازت کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ دفعہ 144 کے تحت گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر بھی پابندی ہوگی۔


