ہومتازہ ترینپنجاب میں مون سون بارشیں، چنیوٹ اور جہلم میں سیلابی صورتحال

پنجاب میں مون سون بارشیں، چنیوٹ اور جہلم میں سیلابی صورتحال

لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا تیسرا سپیل جاری ہے، جس کے باعث چنیوٹ میں دریائے چناب کے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی جبکہ جہلم میں نالے کا بند ٹوٹنے سے قریبی آبادیوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں بارش کے دوران کچے مکانات گرنے اور کرنٹ لگنے سے 9 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا تیسرا اسپیل کل تک جاری رہے گا۔

پنجاب کے اکثر اضلاع میں بارش جاری ہے، لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ نورپور تھل میں 115 ملی میٹر اور گوجرانولہ میں 107 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

جہلم کے بڑے برساتی نالے بنہاں کا بند ٹوٹ گیا، جس کی مرمت کا کام تاحال شروع نہیں ہو سکا اور قریبی آبادیاں محصور ہو کر رہ گئیں۔ چنیوٹ میں دریائے چناب میں سیلابی ریلا قریبی فصلوں اور دیہاتوں میں داخل ہو چکا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مزید بارشوں اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بارشوں کے باعث صوبے بھر میں 29 افراد جاں بحق اور 203 زخمی ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں کے دوران چھتیں اور دیواریں گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے نے بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں