تربت (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایف سی کے جدید ترین ہسپتال کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس سے ملاقات کی اور ان کو دکھی انسانیت کی خدمت کی تلقین کی۔
محسن نقوی نے او پی ڈی، مختلف وارڈز، ایم آر آئی، سی ٹی سکین رومز اور آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا اور ہسپتال کی مختصر مدت میں تکمیل پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایف سی ہسپتال کی فوری فنکشنل حالت دیکھ کر خوشی ہوئی، تربت میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال اشد ضروری تھا، جو مقامی آبادی کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرے گا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کو ایف سی ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے فورس کی پیشہ وارانہ تربیت اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا اور فتنہ الہندوستان سمیت تمام کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر ایف سی بلوچستان (نارتھ) کو خراج تحسین پیش کیا۔


