ہومتازہ ترینحوثی گروپ کا الحدیدہ پر سعودی حملوں اور بحیرہ احمر میں سعودی...

حوثی گروپ کا الحدیدہ پر سعودی حملوں اور بحیرہ احمر میں سعودی بحری جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

صنعا (شِنہوا) یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فضائی حملوں میں بحیرہ احمر کے ساحلی شہر الحدیدہ اور جزیرہ کاماران کو نشانہ بنایا گیا جبکہ مقامی رہائشیوں نے بھی زور دار دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔

حوثیوں کے زیر انتظام المسیرہ ٹی وی نے اسے "سعودی جارحیت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحدیدہ اور جزیرہ کاماران میں ٹیلی کمیونیکیشن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہو گئی۔

بعد ازاں چینل نے حوثی دفاعی حکام کے ایک ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ حوثی فضائی دفاعی نظام نے کئی سعودی جنگی طیاروں کو واپس جانے پر مجبور کر دیا۔

سعودی حکام نے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

الحدیدہ کے رہائشیوں نے شِنہوا کو بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ایک رہائشی نے بتایا کہ پانچ سے زائد دھماکے الحدیدہ بندرگاہ کے اطراف سے سنائی دیئے جبکہ اس علاقے سے دھوئیں کے بادل بھی اٹھتے دکھائی دیئے۔

یہ مبینہ فضائی حملے اس خبر کے چند گھنٹے بعد سامنے آئے، جس میں سعودی ذرائع ابلاغ نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا تھا کہ بحیرہ احمر میں ایک حملے کے دوران سعودی آئل ٹینکر این سی سی ماسا کے ڈھانچے کو معمولی نقصان پہنچا تاہم جہاز نے اپنا سفر جاری رکھا۔

مصر کے صوبہ سوئز میں نہر سوئز کے دہانے کے قریب بحیرہ احمر میں پٹرولیم مصنوعات سے لدا ایک آئل ٹینکر منزل کی طرف رواں دواں ہے۔(شِنہوا)

حوثی گروپ نے پیر کے روز سعودی جہاز رانی پر بحری پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ گروپ نے جمعرات کو دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بحیرہ احمر میں پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا۔ بعد ازاں سعودی پریس ایجنسی نے تصدیق کی کہ سعودی کمپنی کے زیرملکیت ایک آئل ٹینکر پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں