واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور ان کے خیال میں ایران اب "زیادہ سنجیدگی” کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ زیادہ سنجیدہ ہوتے جا رہے ہیں، شاید اس کی ایک واضح وجہ ہے، تاہم اس وقت ہماری ان سے بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں جتنی سنجیدگی ہم اب دیکھ رہے ہیں، اتنی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم لازماً کسی معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔
ٹرمپ نے اس بارے میں زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ آیا وہ ایران کے خلاف امریکی حملوں میں بڑے پیمانے پر شدت لانے کا حکم دیں گے یا نہیں کیونکہ یہ ابھی واضح نہیں کہ پس پردہ جاری مذاکرات سفارتی کوششوں کو دوبارہ کامیاب بنا سکیں گے یا نہیں۔
انہوں نے یہ بیان وائٹ ہاؤس میں اپنے اعلیٰ مشیروں اور حکام سے ایران کے ساتھ جاری تنازع سے متعلق مختلف تجاویز پر مشاورت کے چند گھنٹے بعد دیا۔ یہ بات سی این این نے معاملے سے باخبر ایک ذریعے کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتائی۔


