بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت زراعت و دیہی امور نے بتایا ہے کہ 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران ملک کے دیہی علاقوں میں سرمایہ کاری اور کھپت نے مستحکم نمو حاصل کی ہے۔
وزارت زراعت و دیہی امور کے نائب وزیر ژانگ شنگ وانگ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بنیادی صنعت میں مقررہ اثاثوں کی سرمایہ کاری 460 ارب یوآن (تقریباً 67.71 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.9 فیصد زائد ہے جبکہ اسی عرصے کے دوران بنیادی صنعت کی اضافی قدر میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں اشیائے صرف کی پرچون فروخت 33.2 کھرب یوآن رہی، جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 2.5 فیصد زائد ہے۔ یہ شرح شہری علاقوں کی پرچون فروخت میں اضافے سے 1.3 فیصد پوائنٹس زیادہ رہی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دیہی علاقوں میں کھپت کی صلاحیت بدستور بہت زیادہ ہے۔
ژانگ نے کہا کہ "دیہی علاقوں میں کھپت کی مضبوطی دن بہ دن زیادہ نمایاں ہو رہی ہے اور یہ ملکی طلب میں اضافے کے لئے ایک اہم محرک بن چکی ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ 2026 کے پہلے 6 ماہ کے دوران چین کی زرعی درآمدات اور برآمدات کا مجموعی حجم 163.78 ارب امریکی ڈالر رہا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 10.8 فیصد زائد ہے۔


