مسقط (لارڈ میڈیا): عمان کے شہر مسقط میں جاری فائیو اے سائیڈ ورلڈ کپ کوالیفائی ایونٹ کے لیگ میچ میں قومی ٹیم منجمنٹ نے ایک انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، تین اولمپئنز کی موجودگی کے باوجود قومی ٹیم نے قواعد کو نظرانداز کرتے ہوئے اولمپینز ہیڈ کوچ قمر ابراہیم، عمر بھٹہ اور ریحان بٹ نے 5 کے بجائے 6 کھلاڑی کھیلادیے، جس کے نتیجے میں ٹیم کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کے خلاف آخری لیگ میچ میں پاکستان نے 6 کھلاڑی میدان میں اتارے، جس پر ریفری نے نوٹس لیتے ہوئے ایک کھلاڑی کو یلو کارڈ دکھایا اور پاکستان کو بقیہ میچ 5 کے بجائے 4 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ اس وجہ سے پاکستان ٹیم کو بھارت سے 3-7 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس قواعد شکنی کی پاداش میں پاکستان کو جرمانہ اور پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ فائنل مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانا ہے۔ ماضی میں بھی ایشیا کپ کے دوران ہیڈ کوچ اولمپیئن خواجہ جنید نے جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑی کھلانے کا کارنامہ انجام دیا تھا، جس کے سبب پاکستان اولمپکس کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا۔


