لاہور (لارڈ میڈیا): این ڈی ایم اے نے دریائے چناب میں خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل پر درمیانے درجے کے سیلاب کی اطلاع دیتے ہوئے خبردار کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں دریاؤں اور ندی نالوں کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق پلکھو نالہ وزیرآباد میں بھی درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
چناب میں مرالہ اور تریموں، راوی میں بلوکی اور سدھنائی جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر بھی کم درجے کا سیلاب ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے اور تریموں بیراج پر پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے برساتی ندی نالوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلابی صورتحال جبکہ آئندہ دو روز کے دوران ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔


