اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے 52 نئی جان بچانے والی رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہوا جس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکرٹری صحت اور ڈریپ حکام نے شرکت کی۔
منظور شدہ ادویات میں کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا اور پارکنسن کی ادویات شامل ہیں۔ ان ادویات کی حتمی قیمتوں کی منظوری وفاقی کابینہ دے گی جس کے بعد ڈریپ ان قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ نوٹیفکیشن کے بعد یہ ادویات قانونی طور پر پاکستان میں فروخت ہو سکیں گی۔
منظور شدہ ادویات میں کینسر کی جدید امیونو تھراپی دوا کی ٹروڈا بھی شامل ہے جو دنیا بھر میں 20 سے زائد اقسام کے کینسر کے علاج میں استعمال ہوتی ہے۔ دیگر ادویات میں نیوولومیب، ڈاساتینیب، مر وپینم اور انسولین شامل ہیں۔
وزارت صحت نے مریضوں کی مشکلات کے باعث فوری قیمتوں کی منظوری پر زور دیا اور ادویات کی قیمتوں کے فیصلوں میں شفافیت اور عوامی مفاد کو ترجیح دی۔ حکام کے مطابق تاخیر کے باعث مریض غیر رجسٹرڈ، اسمگل شدہ اور مہنگی درآمدی ادویات لینے پر مجبور تھے، لیکن اب معیاری ادویات کی دستیابی بہتر ہوگی اور غیر قانونی سپلائی پر انحصار کم ہوگا۔


