ہوماہم ترینسیلابی پانی آبادیوں میں داخل، ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب

سیلابی پانی آبادیوں میں داخل، ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب

لاہور (لارڈ میڈیا): دریائے چناب اور دریائے راوی میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ زمینی کٹاؤ، حفاظتی بند ٹوٹنے اور پانی آبادیوں میں داخل ہونے سے شہریوں اور کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

علی پورچٹھہ کے نواحی علاقے کوٹ بیلہ میں دریائے چناب کے سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔ تیز زمینی کٹاؤ کے باعث درجنوں مکانات خطرے کی زد میں آ گئے ہیں جبکہ ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی پانی میں ڈوب جانے سے کاشتکاروں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

ترنڈہ محمد پناہ کے علاقے بیٹ پرارہ میں بستی بڈا پرارہ کے قریب دریائے چناب کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے بعد سیلابی پانی تیزی سے قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق کماد، مونگ، تل اور چارہ جات سمیت متعدد فصلیں زیر آب آ گئی ہیں۔

متاثرہ مکینوں نے حکومت پنجاب سے فوری حفاظتی اقدامات اور امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے سیلاب کے زخم ابھی مندمل نہیں ہوئے تھے کہ رواں سال کے سیلاب نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

دریائے چناب کے سیلابی ریلے سے گرنہ پٹھاناں کا مشترکہ قبرستان شدید کٹاؤ کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں کئی قبریں دریا برد ہو گئیں۔ انتظامیہ نے حفاظتی بند کی تعمیر اور امدادی کام تیز کر دیے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ انہار کے مطابق عبدالحکیم کے مقام پر دریائے راوی کے ہیڈ سدھنائی پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں