لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور ہائیکورٹ نے پارکنسن کے مریض ڈاکٹر افتخار احمد کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی۔ جسٹس امجد رفیق نے قرار دیا کہ جسمانی کمزوری ضمانت کے لیے مستقل قانونی بنیاد ہو سکتی ہے۔ عدالت نے جیل رپورٹ میں ڈاکٹر کی جسمانی کمزوری کی تصدیق کے بعد ضمانت دی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بیماری اور کمزوری الگ الگ قانونی بنیادیں ہیں اور جسمانی کمزوری کے باعث ملزم جیل کی سختیوں کو معمول کے افراد کی طرح برداشت نہیں کر سکتا۔ انسانی وقار، مساوات اور تناسب کے اصول ضمانت کے فیصلوں میں مقدم ہیں۔
جسٹس امجد رفیق نے قرار دیا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ کمزور اور معذور افراد کو غیر ضروری جسمانی اذیت سے بچایا جائے۔ عدالتی نظائر میں جسمانی کمزوری کو ضمانت دیتے وقت اہم قانونی عنصر تسلیم کیا جاتا ہے۔
عدالت نے ڈاکٹر افتخار احمد کو 10 لاکھ روپے کے مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ وہ شواہد پر اثرانداز نہیں ہوں گے، گواہوں کو دھمکیاں نہیں دیں گے اور عدالت کی اجازت کے بغیر دائرہ اختیار سے باہر نہیں جائیں گے۔


