ٹانک (لارڈ میڈیا): ضلع ٹانک کی ایک پولیس جوائنٹ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فورسز نے حملہ آوروں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 12 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ حملے کے دوران دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور جنگلات کے محکمے کا ایک اہلکار شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے اور فرار ہونے والے عناصر کی تلاش کی جا رہی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 12 خارجیوں کے ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔


