اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، جب وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی معروف کمپنی فیمسن کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فوڈ اسٹوریج، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پاکستانی افرادی قوت کی تربیت پر اتفاق ہوا۔ وزیراعظم نے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی لانے کے منصوبے کا خیرمقدم کیا۔
وفد کی قیادت چینی کمپنی فیمسن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک چین نے کی۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین مثالی دوست ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری اور بزنس ٹو بزنس تعاون سے دوستی مزید مضبوط ہوگی۔ وزیراعظم نے اجناس کے اسٹوریج مراکز کو اسٹیٹ آف آرٹ مراکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس منصوبے سے زرعی شعبے میں جدید ترین ٹیکنالوجی آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
جیک چین نے پاکستان میں پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیمسن اور گرین پاکستان انیشی ایٹو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں۔


