منیلا (لارڈ میڈیا) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے درمیان فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعاون اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا جہاں دونوں ممالک نے کشیدگی میں کمی اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی سمندری تجارت اور توانائی کے تحفظ پر بات چیت کی۔
فلسطین کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں شہریوں کے خلاف تشدد اور غیر قانونی آبادکاری کو مسترد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قاہرہ میں ہونے والے آر فور مشاورتی اجلاس کے تناظر میں خطے میں امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔


