اسلام آباد (لارڈ میڈیا): بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب اور مستونگ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروپوں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مشترکہ آپریشنز کیے گئے۔
گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کارروائیوں میں سوراب میں 7 اور مستونگ میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے ہتھیار، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ مستونگ میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خودکش بمبار خواتین اور ان کے سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قومی امن کے لیے یہ کارروائیاں ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کی تعریف کی اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔


