راولپنڈی (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نورین نیازی کے بیانات ان کی ذاتی رائے ہیں اور یہ پارٹی پالیسی کا حصہ نہیں ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم سے معرکۂ حق میں کامیابی ملی ہے اور اگر کوئی دشمن دوبارہ جارحیت کی کوشش کرے گا تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے اور کوئی دشمن ملک کو شکست نہیں دے سکتا۔ فوج کی قربانیوں اور شہداء کے حوالے سے کسی کو لب کشائی نہیں کرنی چاہئے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دہشت گردی ملک کے لیے ناسور ہے، اس کا خاتمہ ہوگا تو ترقی اور استحکام آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مسائل کا دیرپا سیاسی حل نکالنا چاہیے تاکہ ملک موجودہ حالات سے باہر آ سکے۔


