لاہور (لارڈ میڈیا): ساہیوال کے یوسف والا اور سکھر ڈویژن میں مال بردار ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے کے باعث پاکستان ریلوے نے آٹھ مسافر ٹرینیں منسوخ کر دیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان ریلوے کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو مختلف مقامات پر مال بردار ٹرینوں کی بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث لاہور، فیصل آباد سے کراچی اور کوئٹہ جانے والی مین لائن پر ریلوے ٹریفک معطل رہی۔
قراقرم ایکسپریس، پاک بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس سمیت آٹھ ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر دی گئی۔ گرین لائن ایکسپریس کی بھی لاہور سے کچھ کوچز روانہ نہیں ہوں گی۔
پاکستان ریلوے نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لاہور ریزرویشن آفس سے اپنی ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس حاصل کر سکتے ہیں۔ مسافروں کی رہنمائی کے لیے پیسنجر فیسیلیٹیشن عملہ تمام متعلقہ اسٹیشنوں پر موجود رہے گا۔
بعد ازاں ریلوے حکام نے بتایا کہ بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک ٹرینوں کے لیے کلیئر کر دیے گئے ہیں۔


