راولپنڈی (لارڈ میڈیا): راولپنڈی میں تعلیمی بورڈ کے اکاؤنٹ سے 52 لاکھ 45 ہزار روپے نکلوانے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ بینک عملے کی مستعدی کی بدولت ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق، ملزمہ قرۃ العین بینک پہنچی اور تعلیمی بورڈ کے نام پر ڈرافٹ بنوانے کے لیے ایک لیٹر پیش کیا۔ بینک عملے نے لیٹر میں رقم کی غلطی کی نشاندہی کی، جس پر خاتون نے دوسرا لیٹر پیش کیا۔
بینک عملے کو دوسرے لیٹر پر شبہ ہوا اور تصدیق کے لیے تعلیمی بورڈ کی برانچ سے رابطہ کیا گیا۔ تعلیمی بورڈ نے لیٹر کو جعلی قرار دیا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
بینک منیجر کامران سعید کی مدعیت میں ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج ہوا، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 420، 468 اور 471 شامل ہیں۔ ملزمہ قرۃ العین کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
پولیس واقعے کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ سہولت کاروں کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔


