وادی نیلم (لارڈ میڈیا): وادی نیلم اور کاغان میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث طغیانی سے انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق وادی نیلم کے کٹھہ پیراں نالے میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث طغیانی آئی جس سے 6 مکانات اور 25 دکانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ طغیانی کے نتیجے میں 3 گاڑیاں اور 11 موٹر سائیکلیں بھی بہہ گئیں جبکہ کٹھہ پیراں میں سڑک اور پل بہہ جانے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلابی ریلے کے باعث درجنوں رہائشی گھروں کو نقصان پہنچا، فصلیں، باغات، پل اور بجلی کا انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوگیا جبکہ مقامی افراد کے بڑی تعداد میں مویشی بھی بہہ گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اب تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، وادی کاغان میں بھی تیز بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آئی جبکہ کاغان نالے میں طغیانی سے 3 رابطہ پل بہہ گئے۔


