اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پی ٹی آئی کی بانی کی ہمشیرہ نورین نیازی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نوٹس پر وکیل کے ذریعے تحریری جواب جمع کرایا ہے، جس میں انہوں نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے نوٹس کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نوٹس میں الزامات اور قانونی شقیں واضح نہیں ہیں اور این سی سی آئی اے سے مکمل تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نورین نیازی نے جواب میں الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ قانون کے دائرے میں مکمل تعاون کریں گی لیکن اپنے آئینی و قانونی حقوق محفوظ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوٹس میں درج ایڈریس غلط تھا اور اس کا علم سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا۔
نورین نیازی کے وکیل فیصل ملک ایڈوکیٹ نے بتایا کہ اگر کوئی شکایت ہے تو اس کی کاپی فراہم کی جائے اور واضح کیا جائے کہ کس قانون کے تحت طلبی کی گئی ہے۔ وکیل کے مطابق نورین نیازی کا ابتدائی جواب جمع کرا دیا گیا ہے اور مزید تفصیلات کے لیے چار ہفتوں کی مہلت مانگی گئی ہے۔
فیصل ملک ایڈوکیٹ نے کہا کہ نورین نیازی تمام ریاستی اداروں کا احترام کرتی ہیں اور ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جانا چاہیے۔ ان کے بھائی نے ساری زندگی ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کی۔


