تہران (ویب ڈیسک) ایران نے امریکا کی مسلسل بمباری کے جواب میں شام، اردن، بحرین اور کویت میں امریکی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق اردن میں امریکی اڈے پر حملے میں بھاری نقصان پہنچایا گیا، جہاں امریکی فوجی تنصیبات کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اردن کے عوام اور فوجی اہلکاروں کی مبینہ انٹیلی جنس معلومات پر الازرق میں امریکی فوج کے زیر استعمال گوداموں کو تباہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔
بحرین اور کویت میں خطرے کے سائرن گونجتے رہے۔ بحرین میں امریکی سفارت خانے نے منامہ میں ایرانی حملے سے محتاط رہنے کا الرٹ جاری کیا۔ کویت میں بھی امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ابتدائی وارننگ ریڈار سسٹم تباہ ہوا۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے والے دو آئل ٹینکر دھماکے سے تباہ ہوگئے۔ شام کے التنف میں دشمن کے کمانڈ سینٹر پر بھی حملہ کیا گیا۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ فضائی حملوں کے سائرن بج اٹھے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔ کویت اور بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات موجود ہیں، جو ایرانی حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔


