میڈرڈ (لارڈ میڈیا): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز فائنل میں ارجنٹائن کو اضافی وقت میں 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والی اسپینش ٹیم آج وطن واپس پہنچے گی۔ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کی سڑکیں سرخ اور زرد پرچموں سے سج گئی ہیں جبکہ لاکھوں مداح اپنے ہیروز کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
فیران ٹوریس کے 106ویں منٹ میں کیے گئے فیصلہ کن گول نے اسپین کو تاریخی فتح دلائی۔ حکومت نے فوری طور پر ٹیم کے استقبال کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اسپینش ٹیم پیر کی دوپہر میڈرڈ کے ایڈولفو سواریز باراخاس ایئرپورٹ پہنچے گی۔
کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور فیڈریشن حکام کی شاہی محل زارزویلا میں بادشاہ فلپ ششم اور شاہی خاندان سے خصوصی ملاقات ہوگی جہاں عالمی چیمپئنز کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی جائے گی۔
اس کے بعد ٹیم وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز کی دعوت پر مونکلوآ پیلس جائے گی جہاں حکومت کی جانب سے بھی عالمی فاتحین کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ دیا جائے گا۔
سرکاری تقریبات کے بعد اصل جشن کا آغاز ہوگا جب اسپینش ٹیم خصوصی اوپن ٹاپ بس میں ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ میڈرڈ کی مرکزی شاہراہوں سے گزرے گی۔ لاکھوں مداح سڑکوں کے دونوں اطراف اپنی قومی ٹیم کا استقبال کریں گے جبکہ جلوس شہر کے اہم مقامات سے ہوتا ہوا آگے بڑھے گا۔
حکام کے مطابق فتح کا یہ تاریخی جشن پلازا ڈی سیبیلس میں اپنے عروج پر پہنچے گا جہاں شاندار اسٹیج پر اسپین کے عالمی چیمپئن کھلاڑی لاکھوں شائقین کے سامنے ورلڈ کپ ٹرافی بلند کریں گے۔ میڈرڈ میں ہونے والی یہ تقریب اسپین کی فٹبال تاریخ کی سب سے بڑی جشنی تقریبات میں شمار کی جا رہی ہے۔


