بینکاک: ملائیشیا کی ثالثی کے نتیجے میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے مشروط جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کردی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا مشروط جنگ بندی پر رضامند ہو گئے ہیں، دونوں ممالک نے سرحد سے افواج ہٹانے کیلئے وقت مانگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے فریقین کوتنازع حل کرنے کیلئے مذاکرات کا مشورہ دیا تھا، توقع ہے جلد ہی سرکاری سطح پر جنگ بندی اور افواج کی واپسی کا طریقہ کار طے پا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک 32افراد ہلاک اور130زخمی ہوچکے ہیں، کمبوڈیا کی وزارتِ قومی دفاع کی ترجمان مالی سوچیتا کے مطابق مرنے والوں میں 7عام شہری اور 5فوجی شامل ہیں جبکہ 50شہری اور 20فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
کمبوڈین میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کی سرحد سے واقع کمبوڈین صوبے پریح ویہار سے 20 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔