تبلیسی (شِنہوا) چائنہ ایسٹرن ایئرلائنز نے شنگھائی اور تبلیسی کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا، جس کی افتتاحی پرواز جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی پہنچ گئی ہے۔
چائنہ ایسٹرن ایئرلائنز کے نائب صدر حہ شیاؤ چھن کے مطابق پرواز ایم یو285 شنگھائی پوڈونگ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوئی اور تقریباً 10 گھنٹے کے سفر کے بعد مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 7 بجے تبلیسی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری۔ اس پرواز میں 274 مسافر سوار تھے۔
اس روٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جارجیا کے وزیراعظم ایراکلی کوباخیدزے نے کہا کہ حالیہ برسوں میں جارجیا اور چین کے تعلقات تیزی سے فروغ پائے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ براہ راست پروازوں کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
کوباخیدزے نے کہا کہ جارجیا چین کو ایک ایسا ملک سمجھتا ہے جس نے پرامن ترقی، جدیدیت اور مسلسل پیش رفت کی پالیسی کے ذریعے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا جارجیا کے لئے نہایت اہم ہے۔
جارجیا میں چین کے سفیر ژو چھیان نے کہا کہ یہ نئی فضائی سروس اس جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا ایک اور عملی ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروازیں دونوں ممالک کے عوام کے لئے سفر کو نمایاں طور پر آسان بنائیں گی اور سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا کریں گی۔
شنگھائی-تبلیسی روٹ پر ایئربس اے330 طرز کا بڑا طیارہ استعمال کیا جا رہا ہے اور اس روٹ پر ہفتے میں3 دوطرفہ پروازیں چلائی جائیں گی، جو بدھ، جمعہ اور اتوار کے روز آپریٹ ہوں گی۔


