راولاکوٹ (لارڈ میڈیا) مولانا فضل الرحمان نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الحال کسی بھی اقدام سے گریز کرے اور پیشرفت کے لئے چند روز کی مہلت دے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی ایک ماہ سے دھرنا دے رہی ہے اور حکومت سے اپنے مطالبات منوانے کے لئے کوشاں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دھرنے کے دوران کچھ ناخوشگوار واقعات پیش آئے جس سے ماحول میں تلخی پیدا ہوئی۔ پارلیمان میں بھی دھرنے اور مطالبات کا تذکرہ ہوا ہے اور انہوں نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
جے یو آئی کے امیر نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام آزاد جموں و کشمیر کے مولانا سعید یوسف خان اور راولاکوٹ کی قبائلی شخصیت کامران اعظم خان ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے بھی اس مسئلے پر گفتگو کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مسئلے کے حل کے لئے اپنی کوششوں کا ذکر کیا ہے اور حکومت سے بات چیت کے لئے کچھ مہلت مانگی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ بات چیت سے مسئلے کا حل نکالا جائے اور خون خرابہ نہ ہو۔
مولانا فضل الرحمان نے امید ظاہر کی کہ ان کی اپیل پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی مثبت جواب دے گی اور یہ پیشرفت پاکستان اور کشمیر کے لئے بہتری کے لئے ضروری ہے۔


